- Islamabad
- 26.6°C
- Today ( Friday, 24 April 2026)
تجرید / سید ماجد شاہ
وہ نابینا تھی۔ لیکن اس کے پاس سفید چھڑی کی بجائے کیمرہ ہوتا تھا۔
اچھے لوگ جو دوسروں پر ہنستے نہیں ہیں اور دوسروں کا بہت خیال رکھتے ہیں۔وہ ہمدردی جتاتے ہوئے اس سے کہتے کہ وہ سفید چھڑی ضرور پاس رکھا کرے۔اس سے راستے کی مشکلات میں کمی واقع ہو جاتی ہے اور دیکھنے والے لوگ محتاط ہو جاتے ہیں۔
وہ تحمل سے جواب دیتی ”ایک تو میں آنکھوں سے نہیں پورے جسم سے دنیا کو محسوس کرتی ہوں۔ دوسرا، میں کیوں اپنے متعلق لوگوں کو محتاط ہونے کا موقع دوں۔ انھیں اپنی بینائی پر ناز ہے تو آئیں۔ انتہائی غیر محتاط ہو کر تشریف لائیں“۔
وہ سوچتی میں آنکھوں کے نہ ہونے کا عذاب، اپنے باقی اعضا کو کیوں دوں؟ جبکہ وہ تو جوان اور تندرست ہیں۔ میں اپنے اعضا کی خواہشوں کا گلا گھونٹنا دانش مندی نہیں سمجھتی۔
اسے گلے میں کیمرہ لٹکائے دیکھ کر وہ لوگ جو آنکھیں رکھتے تھے…… یقینا یہی وہ لوگ تھے جو دوسروں کا خیال رکھتے ہیں اور لوگوں کا ٹھٹھہ نہیں اڑاتے…… وہ خوش ہوتے اور کہتے ”یہ ہے وہ بینا لڑکی، جو اڑتے پرندوں کی آواز سن کر تصویر کھینچ لیتی ہے اور پرندہ پر بھی نہیں مار سکتا“
اس کی تصویروں میں درخت پورے پس منظر کے ساتھ موجود ہوتے تھے۔ گویا اس پر صرف منظر واضح نہیں تھے۔ وہ بہت دور تک چیزوں کو محسوس کر لیتی تھی۔
اس کی البم میں شام کے مناظر دیدنی ہوتے تھے۔لوگ سرمئی تصویریں دیکھ کر ایک دوسرے سے سرگوشی کرتے ”کیا اسے بادلوں کے ٹکڑوں میں لگی آگ کی تپش بھی محسوس ہوتی ہے؟“
اس کے البم میں ”حاصلِ البم“ وہ تصویریں تھیں۔ جن میں غیر محتاط لوگوں کی گھورتی آنکھیں ایسے زاویے سے نمایاں تھیں کہ ان کے سرخ ڈورے شفق کی طرح بجھتے افق کو روشن کیے ہوئے تھے۔ یقینا یہ ان لوگوں کی آنکھیں تھیں جو سفید چھڑی کے بغیر ہر فرد کو آنکھوں والا سمجھتے ہیں۔
-
ایک ایسے اقدام میں جس نے حقوق اور امدادی تنظیموں کی طرف سے مذمت کو جنم دیا، امریکہ نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ایک مسودہ قرارداد کو ویٹو کر دیا۔ اس قرارداد میں، جسے رکن ممالک کی جانب سے تقریباً متفقہ حمایت حاصل ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی اور تمام یرغمالیوں کی غ...
-
اگلے سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے ساتھ ہی پاکستان میں سیاسی منظر نامہ گرم ہو رہا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف پر شدید حملہ کیا۔ بھٹو زرداری نے الزام لگایا کہ تین بار کے سابق وزیر اعظم...
Get Newsletter
Subscribe to our newsletter to get latest news, popular news and exclusive updates.





Facebook Comments